11 ستمبر ، 2021
بھارتی اداکارہ شردھا کپور اِن دنوں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ ممبئی کے پوش علاقے جوہو میں ایک ریسٹورنٹ کے سامنے کھڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ شردھا اپنے دوستوں کو الوداع کررہی ہوتی ہیں کہ وہاں ایک عمر رسیدہ گداگر آجاتا ہے جو اداکارہ سے ہاتھ جوڑ کر بھیک مانگ رہا ہوتا ہے۔ شردھا نے اس شخص کو مکمل طور پر نظرانداز کیا اور اپنے دوسرے دوستوں کی جانب مڑ کر فون پر بات کرنے لگیں۔
صارفین کی جانب سے اداکارہ کے اس فعل پر سخت تنقید کی گئی۔ ایک صارف نے غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ لوگ صرف سوشل میڈیا پر دکھاوا کرتے ہیں، ان کی اصلیت حقیقت میں کچھ اور ہے۔
ایک اور صارف نے افسردگی سے کہا کہ دراصل یہ لوگ ان فقیروں سے بھی زیادہ غریب ہیں۔
متعدد صارفین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر شردھا کا بائیکاٹ کرنا چاہیے، اگر وہ اس فقیر کو پیسے نہیں دے سکتی تھیں تو کم از کم کھانا ہی کھلا دیتیں۔
دوسری جانب بعض صارفین کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر یہ شخص پیشہ ور گداگر تھا تو ان کی حوصلہ شکنی کرنا ضروری ہے۔