11 ستمبر ، 2021
گورنر سندھ عمران اسماعیل کہتے ہیں کہ عمر شریف اور دیگر لیجنڈ بیمار ہوتے ہیں تو تکلیف ہوتی ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ پہلے گورنر کے پاس لیجنڈ فنڈ ہوتا تھا لیکن اب نہیں ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ عمرشریف کے علاج کیلئے سندھ حکومت پیچھے نہیں رہے گی۔
خیال رہے کہ معروف اداکارعمرشریف کی طبیعت ہرلمحے بگڑرہی ہے۔
اہلیہ زرین غزل کہتی ہیں کہ عمر شریف کیلئے ایک ایک منٹ قیمتی ہے، اگرانہیں امریکا منتقل نہیں کیا گیا توان کی یہاں اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑے گی جوان کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں زرین نے کہا کہ وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ ویزے کیلئے کوشش کی جارہی ہے،امید ہے کہ ویزاجلد جاری ہوجائےگا۔
دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کی طبیعت میں تاحال بہتری نہیں آسکی اور وہ کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
اہلیہ زریں غزل نے بتایا کہ عمر شریف کیلئے ایک ایک منٹ قیمتی ہے، ہمیں عمر شریف کیلئے ائیر ایمبولینس کی بھی ضرورت پڑے گی کیونکہ ان کی حالت ایسی نہیں کہ وہ عام فلائٹ میں سفر کرسکیں۔
زرین عمر نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دل کے عارضے میں مبتلا عمر شریف کو امریکا منتقل نہیں کیا گیا تو ان کی یہاں اوپن ہارٹ سرجری کرنا پڑے گی جو نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔