13 ستمبر ، 2021
پاکستان کے معروف کامیڈین عمر شریف کی اسپتال میں لی گئی نئی تصاویر منظر عام پر آگئیں۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر عمر شریف کی مختلف تصاویر وائرل ہورہی ہیں جنہیں بڑے پیمانے پر شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ مداح ان کی صحت کے لیے بھی دعاگو ہیں۔
وائرل تصویر میں عمر شریف کو اسپتال کے بیڈ پرتشویشناک حالت میں لیٹا دیکھا جاسکتا ہے۔تصویر میں عمر شریف کے چہرے پر لگی مختلف نلکیاں بھی دیکھی جاسکتی ہیں جس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ معروف کامیڈین کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
دوسری جانب سیاسی شخصیات کا بھی عمر شریف کی عیادت کے لیے پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے،حال ہی میں فاروق ستار کی جانب سے عمر شریف سے ملاقات کی گئی ہے۔
خیال رہے اداکار عمر شریف کی طبیعت گزشتہ کچھ عرصے سے ناساز ہے۔ ان کے بیٹے جواد عمر کے مطابق عمر شریف دِل کے عارضے میں مبتلا ہیں جن کا علاج جاری ہے۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے علاج کے سلسلے میں مدد طلب کی تھی۔
اس سے قبل کراچی میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی نجی اسپتال میں عمر شریف کی عیادت کرچکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ وفاقی حکومت نے معروف اداکار عمر شریف کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو کہ اداکار کو بیرون ملک بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کرے گا۔
اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کے بورڈ فیصلہ کریں گے، پاکستان میں دل کا علاج ممکن ہے لیکن فیصلہ ڈاکٹرز کو کرنا ہے، علاج کا فیصلہ ڈاکٹر ز کو کرنے دیں ۔