Time 14 ستمبر ، 2021
کاروبار

موسم سرما میں گیس بچانے کیلئے ’سستی بجلی پیکج‘ کی منظوری

یہ پیکج یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا:اعلامیہ —فوٹوفائل
 یہ پیکج یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا:اعلامیہ —فوٹوفائل

کابینہ کی توانائی کمیٹی (سی سی او سی) نے سردیوں میں گیس کی بچت کے لیے ’سستی  بجلی پیکج ‘ کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت کابینہ کی توانائی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس دوران موسم سرما میں بجلی کی کھپت بڑھانے کے لیے سستی بجلی پیکج متعارف کرانے کی منظوری  دی گئی ہے۔

 وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق سردیوں میں گیس کی محدود دستیابی ہوتی ہے، سردی سے بچاؤ کے لیے گیس ہیٹرز استعمال کیے جاتے ہیں لہٰذا سردیوں میں گیس بچانے کے لیے سستی بجلی کا پیکج لایا جا ررہا ہے ۔

یہ پیکج یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا:اعلامیہ

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ پیکج یکم نومبر 2021ء سے 28 فروری 2022ء تک ہو گا۔

ذرائع کے مطابق سستی بجلی پیکج  کے تحت گھریلو صارفین کے لیے 300 یونٹ سے زائد بجلی کے استعمال پر  ہر یونٹ کا نرخ  12روپے 66پیسے ہو گا جو اس وقت ساڑھے 19 روپے کا ہے۔

دوران اجلاس کمرشل اور جنرل سروسز صارفین کے لیے 12روپے 96پیسے فکس ریٹ کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔

دوسری جانب سستی بجلی پیکج میں کے الیکٹرک کو شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں 11 آئی پی پیز کو بقایا جات کی ادائیگیوں کی منظوری بھی  دیدی گئی

کابینہ کی توانائی کمیٹی نے 11 آئی پی پیز کو بقایا جات کی ادائیگیوں کی منظوری بھی دے دی  تاہم جن آئی پی پیز کے کیس نیب میں ہیں انہیں ادائیگی نہیں ہوگی۔ 

اجلاس میں توانائی کمیٹی کی جانب سے  پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2021ء کی منظوری بھی دی گئی ہے، پیٹرولیم ڈویژن کو ریفائنریز کے لیے مراعاتی پیکج پر نظرثانی کرنے اور نومبر سے فروری تک کے لیے گیس پرائسنگ مکینزم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :