Geo News
Geo News

Time 14 ستمبر ، 2021
پاکستان

وزیراعظم کا فون ہیک کرنےکی کوششوں پر اب تک تحقیقات کا آغاز نہ ہوسکا

بھارت کی جانب سے اسرائیلی کمپنی کے سافٹ ویئر 'پیگاسس' کے ذریعے  وزیراعظم عمران خان کا فون ہیک کیے جانےکی کوششوں پر اب تک تحقیقات کا آغاز نہ ہوسکا۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ  وزیراعظم کا فون ہیک کیے جانےکی کوششوں پر اب تک تحقیقات کا  آغاز  نہ ہوسکا، جو کمیٹی بنائی گئی اس کے پروفیشنل اراکین ہی تعینات نہیں ہو سکے ہیں۔

 فواد چوہدری نے بتایا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستانی واٹس ایپ صارفین کا ڈیٹا ہیک کرنےکی کوشش کی تھی اس میں وزیراعظم کا فون بھی شامل تھا ۔

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ 14اگست کو ہیک کرنےکی کوشش کی گئی تھی، انکوائری میں سامنے آیا ہےکہ ایف بی آر کا زیادہ تر ڈیٹا محفوظ رہا اور ہیکرز ایف بی آر کے زیادہ تر ڈیٹا تک پہنچ نہیں سکے، ایف بی آر ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیکرزکی جانب سے اس سال مختلف پاکستانی ویب سائٹس پر 10 لاکھ حملے ہوئے ہیں،جنہیں ناکام بنایا گیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بھارت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان سمیت کابینہ ارکان کے فون ہیک کرنے کی کوششوں کا انکشاف ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق بھارت اسرائیلی کمپنی کے سافٹ ویئر 'پیگاسس ' کے ذریعے وزیراعظم عمران خان سمیت کابینہ ارکان کی فون کالز اور میسجز ریکارڈکرنےکی کوشش کرتا رہا ہے۔

امریکی اخبارکی رپورٹ کے مطابق بھارت  اسرائیلی کمپنی کا صارف ہے اور بھارتی حکومت کے پاس 'پیگاسس'  سافٹ ویئرکے ذریعے جاسوسی، نگرانی اور ڈی کوڈ کرنےکی صلاحیت ہے۔