15 ستمبر ، 2021
بھارتی کامیڈین کرشنا ابھیشیک نے بالی وڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کو ماں باپ کا درجہ دیتے ہوئے ان سے معافی مانگ لی۔
گذشتہ دنوں ایک شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کا کہنا تھاکہ 3 سال قبل میں نے کہا تھا کہ جب تک میں زندہ ہوں معاملات حل نہیں ہوسکتے، خاندان کا نام لے کر آپ کو بے عزتی کرنے کی آزادی نہیں مل سکتی ،ہم نے ان کی پرورش کی لیکن اب میں یہی کہوں گی ہمارے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کبھی ختم نہیں ہوسکتے اور میں کبھی کرشنا ابھیشیک کا چہرہ دوبارہ نہیں دیکھنا چاہوں گی۔
آپ اسی شخص کی کسی بات سے دکھی ہوتے ہیں جن سے آپ بے حد پیار کرتے ہیں:کرشنا
تاہم اب کرشنا ابھیشیک کا اپنی مامی کی گفتگو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ’میرے علم میں ہے کہ میری مامی نے میرے خلاف بہت سی باتیں کی ہیں، اور یہ حقیقت ہے کہ میں بہت افسردہ تھا،لیکن اب میں جانتا ہوں کہ وہ مجھ سے ناراض ہیں کیوں کہ وہ مجھ سے بے حد محبت کرتی ہیں، فلمی طور پر یہ کہنا کہ وہ میرا چہرہ نہیں دیکھنا چاہتیں، ظاہر کرتا ہے کہ وہ دکھی ہیں اور آپ اسی شخص کی کسی بات سے دکھی ہوتے ہیں جن سے آپ بے حد پیار کرتے ہیں۔‘
بھارتی میڈیا کے مطابق کرشنا ابھیشیک اپنے ماما اور مامی سے معافی کے بھی خواہشمند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں وہ مجھے بے تحاشا پیار کرتے ہیں اگر ایسا نہ ہوتا تو یہ غصہ کیوں؟ ایسے الفاظ صرف والدین ہی اپنے بچے کے لیے کہہ سکتے ہیں جب وہ ان سے ناراض ہوں ۔
وہ میرے والدین کی طرح ہیں، اور میں ان سےمعافی کا طلبگار ہوں :کرشنا
کامیڈین کرشنا ابھیشیک کا کہنا تھا کہ میں اپنے ماما مامی سے پیار کرتا ہوں وہ میرے والدین کی طرح ہیں اور میں ان سےمعافی کا طلبگار ہوں ،ان کی دشمنی مجھے پریشان کیے رکھتی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میں اس دشمنی سے تنگ آچکا ہوں اور اندر سے دکھی ہوں، میں نے کئی بار کوشش کی لیکن انھوں نے میری معافی کو قبول نہیں کیا، ہم نے مختلف انٹرویوز میں کہا ہے کہ ہم اپنے مسائل حل کریں گے لیکن اب تک ہم اختلافات کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا کاکرشنا اور کشمیرا سے اختلافات کا سلسلہ 2016 سے جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گووندااور کرشنا کی فیملی میں 2018 میں گرما گرمی کا سلسلہ مزید تب بڑھا جب کرشنا کی اہلیہ اداکارہ کشمیرانے پیسوں کیلئے ڈانس کرنے والے افراد سے متعلق بات کی۔ سنیتا آہوجا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے گووندا کو نشانہ بنایا ہے۔
تاہم کشمیرا اس بات پر ناراض ہیں کہ گووندا اور سنیتا ان کے بچے کی بیماری پر عیادت کے لیے اسپتال تک نہیں آئے۔