پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2021

پی ایم ڈی اے پر تجاویز منظور ہوگئیں تو ٹھیک، ورنہ تبدیل کردینگے، فواد چوہدری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا ہےکہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) پر ابھی تک تجاویز ہیں، اگر تجاویز منظور ہوگئیں تو ٹھیک ،ورنہ تبدیل کریں گے۔

اسلام آباد میں سینیٹرفیصل جاویدکی زیرصدارت سینیٹ کی  قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہوا۔

 اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے غیر ملکی فریم ورک فالو کیا اور تمام فریقین سے کہا اپنی رائے دیں، پی ایم ڈی اے پر ابھی تک تجاویز ہیں، اگر تجاویز منظورہوگئیں تو ٹھیک،ورنہ تبدیل کریں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارےآئیڈیازپر اتفاق نہ ہوا تو اسےکبھی نہیں لائیں گے، ہم نے تجویز دی ہے کہ میڈیا اور حکومت پرمشتمل 8 رکنی کمیشن ہونا چاہیے۔

خیال رہےکہ پاکستان کی صحافتی تنظیموں نے مجوزہ پاکستان میڈیا اتھارٹی کو مستردکردیا ہے۔

صحافتی تنظیموں نے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ مجوزہ پاکستان میڈیا اتھارٹی آزادی صحافت اورآزادی اظہار کے خلاف ہے، اس کا مقصد میڈیا کے تمام شعبوں کو ریاست کے کنٹرول میں لانا ہے۔

میڈیا تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس بلاکر مجوزہ پاکستان میڈیا اتھارٹی کو مسترد کیا جائے۔

مزید خبریں :