15 ستمبر ، 2021
اسلام آباد: بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی اوور بلنگ ثابت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے اپنی رپورٹ پاورڈویژن کو جمع کرادی۔
پی آئی ٹی سی کی رپورٹ کے مطابق لیسکو میں 46 بیچز میں سے 6 میں اوور بلنگ ہوئی اور گیپکو میں 36 میں سے 7بیچز میں اوور بلنگ ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ فیسکو میں 30 میں سے 11 بیچز میں اووربلنگ ثابت ہوئی۔
واضح رہے کہ جیونیوز نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی 31 دنوں سے زیادہ کی اووربلنگ کا انکشاف کیا تھا جس پر وفاقی وزیر توانائی نے نوٹس لیتے ہوئے جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔
جیو نیوز کی تحقیقات کے مطابق، 8 ماہ کے دوران ملتان، سکھر، کراچی، لاہور، حیدر آباد، گجرانوالہ اور فیصل آباد کے لاکھوں صارفین کو بجلی کے بل طے شدہ 31 روز کے بجائے 37 روز کی بنیاد پر کئی بار بھیجے گئے۔
جیو نیوز کے مطابق ،ان 8 ماہ کے دوران 37 روز کے دوران استعمال کی گئی بجلی کے سب سے زیادہ بل ملتان کی پاور کمپنی میپکو نے بھیجے۔
31روز میں 300 یونٹ کا بل 3200 روپے بنتا ہے، لہٰذا اس طرح صرف ایک روز کے اضافے سے بلوں میں 600 روپے کا اضافہ ہوجا تا ہے۔
خیال رہے کہ اس طرح بل زیادہ ریٹ والے سلیب کے لحاظ سے بنے گا اور صارف کو زیادہ رقم ادا کرنی پڑے گی۔