15 ستمبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا کو زمینی حقائق کا نہیں پتا، اس لیے پاکستان پر اعتماد نہیں کرتا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ اب تک پاکستان اور امریکا کے تعلقات کی بنیاد غلط تھی، ہم ایک طرح سے امریکا کیلئے کرائے کی فوج رہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں نائن الیون کے وقت وزیراعظم ہوتا تو امریکا کو افغانستان پر حملے کی اجازت نہ دیتا۔
ایک سوال کے جواب پر عمران خان کا کہنا تھاکہ خفیہ ایجنسیوں کا یہ کام ہوتا ہے کہ مختلف گروپوں سے رابطے رکھے، جیسے سی آئی اے کے بھی ہیں، امریکا کو زمینی حقائق کا نہیں پتا، اس لیے پاکستان پر اعتماد نہیں کرتا، امریکا کے ساتھ نارمل تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہاکہ افغانستان کی صورتحال پریشان کن ہے اور افغانستان میں افراتفری اورپناہ گزینوں کے مسائل کا خدشہ ہے، افغانستان کودہشت گردی کا بھی سامنا ہوسکتا ہے، دنیا کو افغانستان کی مدد کرنی چاہیے تا کہ وہاں صورتحال کنٹرول میں رہے۔
خواتین کے حقوق سے متلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ یہ سوچنا غلط ہے کہ کوئی باہر سے آکر افغان خواتین کو حقوق دلا سکتا ہے، افغان خواتین مضبوط ہیں، انہیں وقت دیں، وہ اپنے حقوق خود حاصل کرلیں گی۔