Time 16 ستمبر ، 2021
پاکستان

طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہیے: شیخ رشید

پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہشمند ہے: وفاقی وزیر داخلہ/ فائل فوٹو
 پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہشمند ہے: وفاقی وزیر داخلہ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہےکہ طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہیے۔

وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید سے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائے مہاجرین فیلپو گرانڈی نے ملاقات کی جس میں افغانستان سے انخلا اور افغان شہریوں کیلئے انسانی امداد سے متعلق گفتگو کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا خواہشمند ہے، طالبان کو حکومت سازی اور ملکی امور چلانے میں وقت دینا چاہیے جب کہ دنیا کو افغانستان میں زمینی حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے، طالبان کو افغانستان میں گورننس کیلئے مالی اورانسانی وسائل یقینی بنانا ہوں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ انسانی ہمدردی کے تحت خوراک اور ادویات افغانستان بھیجی ہیں، پاکستان افغان شہریوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکیوں اور افغان شہریوں کے انخلا کیلئے سہولت مرکز 24 گھنٹے کام کررہا ہے، حالیہ تناظر میں پاکستان میں نہ کوئی افغان مہاجر ہے  اور نہ ہی مہاجرکیمپ ہے۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 30 لاکھ افغان مہاجرین کی مسلسل دیکھ بھال میں کردارقابل رشک ہے، ہم افغان شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔

مزید خبریں :