Time 17 ستمبر ، 2021
پاکستان

پی آئی اے کا ہفتے کو اسلام آباد اور کابل کے درمیان چارٹرڈ پرواز چلانے کا اعلان

اس پرواز کے ذریعے بڑی تعداد میں افغان صحافی اور ان کے اہل خانہ کو افغانستان سے نکال کر پاکستان پہنچایا جائے گا۔
اس پرواز کے ذریعے بڑی تعداد میں افغان صحافی اور ان کے اہل خانہ کو افغانستان سے نکال کر پاکستان پہنچایا جائے گا۔

قومی ائیر لائن پی آئی اے  نے ہفتے کو اسلام آباد اور کابل کے درمیان ایک اور چارٹرڈ پرواز چلانے کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس پرواز کے ذریعے  بڑی تعداد میں افغان صحافی اور ان کے اہل خانہ کو افغانستان سے نکال کر پاکستان پہنچایا جائے گا۔

ترجمان نے بتایاکہ چارٹرڈ پرواز بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے آپریٹ ہوگی جو اسلام آباد سے صبح 8 بجے روانہ ہوگی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ 19 مسافر اس پرواز کے ذریعےکابل پہنچیں گے اور واپسی میں یہ پرواز تقریباً سوا تین سو مسافروں کو لے کر ساڑھے 11 بجے دن کابل سے اسلام آباد آئے گی۔

ترجمان کے مطابق اس پرواز کے ذریعے افغانستان میں پیشہ ورانہ سرگرمیوں میں مصروف مغربی ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے علاوہ ایک بہت بڑی تعداد افغان صحافیوں خصوصاً خواتین صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی بھی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ان افغان صحافیوں کو مغربی ممالک سے تعلق رکھنے والی مختلف این جی او ز افغانستان چھوڑنے کیلئے اسپانسر کر رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد بہت سے افغان مرد اور خواتین صحافی اپنے آپ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنا چاہتے ہیں، افغان صحافیوں اور ان کے خاندانوں کو کابل سے پاکستان پہنچایا جائے گا جہاں سے وہ اپنی مرضی کے ممالک چلے جائیں گے۔

مزید خبریں :