Time 18 ستمبر ، 2021
کھیل

کھلاڑی موجودہ صورتحال کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں، رمیز راجہ

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ،کھلاڑی اس صورت حال کا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں ۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ مداحوں کا اور میرادکھ ایک ہے، جو ہوا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ہوا۔

رمیز راجہ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو پیغام دیا کہ وہ اپنا غصہ اپنی پرفارمنس سے نکالیں،جب پاکستان دنیا کی بہترین ٹیم بن جائےگی تو ہمارے ساتھ ٹیمیں کھیلنے کے لیے لائنیں لگا دیں گی۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہوم کرکٹ پر دباؤ بڑھا ہے، لیکن پاکستان کرکٹ پہلے بھی ایسی صورت حال سے گزر چکی ہے۔ ہم میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانےکی صلاحیت ہے۔

واضح رہےکہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نےگذشتہ روز سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنےکا اعلان کردیا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ملتوی کردی گئی۔

اس حوالے سے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے کہا ہےکہ سیریز نہ ہونے پر سب کو کتنا افسوس ہے اس بات کا مکمل اندازہ ہے لیکن کھلاڑیوں کی حفاظت کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتی ہوں, ہمارے لیے کھلاڑیوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

مزید خبریں :