18 ستمبر ، 2021
لندن: انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ پاکستان میں ان کی سکیورٹی ٹیم آج یا کل رپورٹ دے گی جس کے بعد دورہ پاکستان کا فیصلہ کریں گے۔
لندن میں نمائندہ جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے دستبرداری سےآگاہ ہیں، ہم وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ نیوزی لینڈ نے اچانک دورہ کیوں منسوخ کیا۔
ترجمان نے کہا کہ زمینی حقائق جاننے کے لیے ان کے سکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان میں ہے جس سے رابطے میں ہیں، ماہرین کی ٹیم سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے، ٹیم آج یا کل اپنی رپورٹ دے گی۔
ترجمان انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے یا نہیں اس حوالے سے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کریں گے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے کچھ دیر پہلے نیوزی لینڈ نے سکیورٹی وجوہات کو بنیاد بناکر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیریز بھی ملتوی ہوگئی۔