18 ستمبر ، 2021
ملک میں غیر رجسٹرڈ صنعتی اور کمرشل بجلی و گیس صارفین پر اضافی ٹیکس عائد کردیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق نان فائلرز صنعتی و کمرشل صارفین پر 17 فیصد تک اضافی ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
نان فائلرز کمرشل صارفین کے بلوں پر 5 سے17 فیصد اضافی ٹیکس عائدکیا گیا ہے، ماہانہ 10 ہزار روپے تک کےکمرشل صارفین کے بل پر 5 فیصد اضافی ٹیکس لگایا گیا ہے،ماہانہ 10 سے 20 ہزار روپے کے بل پر7 فیصد اضافی ٹیکس لگےگا،20 سے 30 ہزار روپے کے بل پر 10 فیصد اضافی ٹیکس لگےگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 30 سے 40 ہزار روپے کے بل پر 12 فیصد اضافی ٹیکس اور ماہانہ 40 سے 50 ہزار روپے بل پر 15 فیصد اضافی ٹیکس لگے گا، 50 ہزار روپے سے زیادہ کے بل پر17 فیصد اضافی ٹیکس ہوگا۔