19 ستمبر ، 2021
سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) خالد محمود نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو انڈین کرکٹ کونسل سمجھیں، آئی سی سی کا انتظار کرنے کے بجائے پاکستان خود اقدام کرے۔
جیونیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن 'کرکٹ کا مقدمہ'میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود نے تجویز دی کہ سفارتی ذرائع سے نیوزی لینڈ حکومت سے دورہ ملتوی کرنے پر تفصیلات فوری مانگی جائیں۔
خالد محمودکا کہناتھا کہ آئی سی سی کو اس معاملے میں ایکشن لینا چاہیے ، لیکن آئی سی سی بنیادی طور پر انڈین کرکٹ کونسل ہے، آئی سی سی کا کوئی کردار نہیں، وہ کیا ایکشن لےگی ۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نےکہا کہ پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) میں آنے والے غیر ملکی کھلاڑی پاکستان کی سکیورٹی کی تعریف کرتے ہیں۔
عاقب جاویدکا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا واپس جانا اور ان کے بورڈ کا بیان بھی مذاق لگ رہا ہے، سمجھ میں نہیں آرہا کہ کھلاڑیوں کو کیا تھریٹ ملیں ،ڈیوڈ وائٹ کا سکیورٹی تھریٹس شیئرنہ کرنے کا بیان بھی مذاق ہی لگ رہاہے۔