Time 20 ستمبر ، 2021
کھیل

سکس ریڈ اسنوکر ورلڈکپ، پاکستان کے دونوں کیوئسٹس پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف 6 ریڈ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کیوئسٹس نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے —فوٹو اسکرین گریب
دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف 6 ریڈ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کیوئسٹس نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے —فوٹو اسکرین گریب 

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں جاری آئی بی ایس ایف 6 ریڈ ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستان کے دونوں کیوئسٹس نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

بابر مسیح گروپ اسٹیج میں بہترین فریم اسکور کی بنیاد پر براہ راست راؤنڈ آف 16 میں پہنچے جبکہ حارث طاہر نے راؤنڈ آف 32 میں ہانگ کانگ کے کھلاڑی کو شکست دی۔

ورلڈ سکس ریڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے راؤنڈ آف32 میں پاکستان کے نوجوان کیوئسٹ حارث طاہر اور ہانگ کانگ کے چینگ یو کیو کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، ابتدائی 4 فریمز میں دونوں کے درمیان معرکہ برابر رہا۔

حارث طاہر نے پہلے فریم میں 57 کی کلیئرنس بریک کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی تو دوسرے فریم میں چینگ یو نے 51 کی کلیئرنس کرکے مقابلہ برابر کردیا پھر تیسرے فریم میں حارث نے اپنے مخالف کو ایک ریڈ بال بھی نہ لینے دی اور 69 کی بریک کھیل کر فریم کلیئر کردیا۔

چوتھے فریم میں حارث نے 0-21 کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے مقابلہ 21-25  کیا مگر پھر آسان بلیو بال کو مس کیا  جبکہ ہانگ کانگ کے حریف نے بلو بال پاکیٹ کی مگر پنک بال کو مس کردیا جسے حارث حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پھر اس کے بعد پاکستانی کیوسٹ نے بلیک بال مس کردی  جبکہ چینگ یو نے اس کو پاکیٹ کرکے مقابلہ 2-2 برابر کردیا۔

 اس کے بعد حارث طاہر نے 3 فریمز مسلسل جیت کر مقابلہ 3-5 سے جیت لیا۔

ان تینوں فریمز میں بھی سنسنی خیز مقابلہ ہوا لیکن پاکستانی کیوئسٹ نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے کامیابی اپنے نام کی۔

راؤنڈ آف 32کے اس میچ میں حارث نے7-57 ، 0-51 ، 0-69، 31-33 ، 26-36 ،  25-36 اور 35-37 کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔

اس سے قبل اتوار ہی کو اپنے آخری گروپ میچ میں حارث طاہر نے فلسطین کے خالد الاسطل کو 2-5 سے شکست دی تھی۔

پاکستان کے دوسرے کیوئسٹ بابر مسیح بہترین فریم اوسط کی بنیاد پر ناک آوٹ کے ٹاپ 4 پلیئرز میں آگئے جس کی وجہ سے انہیں پہلے راؤنڈ کی بائی ملی اور  وہ اب براہ راست راؤنڈ آف 16 کا میچ کھیلیں گے۔

مزید خبریں :