17 اکتوبر ، 2012
کراچی…سنتھ جے سوریا کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم کل کراچی پہنچ رہی ہے، انٹرنیشنل اسٹارز سے سجی ٹیم پاکستان اسٹارز کے خلاف دو ٹی 20 میچز کھیلے گی۔پاکستان اسٹارز اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 20 اکتوبر جبکہ دوسرا میچ 21 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔ پاکستان اسٹارز کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے جبکہ یونس خان، شعیب ملک، عمر اکمل، عمر گل، اسد شفیق اور عمران نذیر جیسے اسٹار کھلاڑی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے، ورلڈ الیون میں سابق سری لنکن آل راوٴنڈر سنتھ جے سوریا کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے ریکارڈو پاول ، افغانستان کے محمد شہزاد اور جنوبی افریقا کے نینٹی ہیورڈ، جسٹن کیمپ، لوٹس بوسمین اور آندرے نیل شامل ہونگے۔یہ دونوں میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔