Time 21 ستمبر ، 2021
کھیل

انگلینڈ میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو دھمکی ملنے کے باوجود میچز شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان

خبر میں بتایا گیاہے کہ دھمکیوں کے باوجود بھی تیسرا ون ڈے شیڈول کے مطابق ہوگا لیکن نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کی پلیئرز کو اب بھی تحفظات ہیں ۔ —فوٹو:فائل
خبر میں بتایا گیاہے کہ دھمکیوں کے باوجود بھی تیسرا ون ڈے شیڈول کے مطابق ہوگا لیکن نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کی پلیئرز کو اب بھی تحفظات ہیں ۔ —فوٹو:فائل

سکیورٹی کے نام پر پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کرچلے جانے والے نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں دھمکی ملی لیکن ویمنز ٹیم کا میچ شیڈول کے مطابق کھیلے جانے کا امکان ہے۔

ایک کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق لیسٹر میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان تیسرے ایک روزہ میچ سے قبل نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کی مینجمنٹ کے ایک رکن کو پیغام ملا جس میں ٹیم کے ہوٹل کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

خبر کے مطابق ٹیم کے جہاز کو بھی بم سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی جس کی وجہ سے پیر کو شیڈولڈ پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا ،تاہم حکام نے ان دھمکیوں کو غیرمصدقہ قرار دے دیا تھا۔

خبر میں بتایا گیاہے کہ دھمکیوں کے باوجود بھی تیسرا ون ڈے شیڈول کے مطابق ہوگا لیکن نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کی پلیئرز کو اب بھی تحفظات ہیں ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی مینز ٹیم نے اینٹلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا تھا تاہم ٹیم کو کیا خطرہ تھا، کیسی تھریٹ تھی یہ نہیں بتایا گیا ۔

نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ نے بھی پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے۔

انگلینڈ میں نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کو ملنے والی دھمکی پر نیوزی لینڈ کرکٹ کا ردعمل

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کو نیوزی لینڈ کرکٹ کے حوالے سے دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈکا کہنا ہے کہ دھمکی میں براہ راست نیوزی لینڈ ویمنز ٹیم کا تذکرہ نہیں تھا لیکن اسکی بھرپور تحقیقات کی گئی تھیں تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ دھمکی غیر مصدقہ تھی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈکے مطابق ٹیم لیسٹر پہنچ چکی ہے اور اس کی سکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے جبکہ پریکٹس سیشن منسوخ ہونے کی خبر درست نہیں، آج ٹریول کرنا تھا، پریکٹس شیڈول نہیں تھی۔

مزید خبریں :