کھیل
Time 21 ستمبر ، 2021

انگلینڈ پاکستان کا قرض نہیں اتارسکا: سابق انگلش کپتان بھی سخت ناراض

انگش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر مائیکل ایتھرٹن کا کہنا ہے کہ  انگلینڈ پاکستان کا واجب الادا قرض نہیں اتارسکا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے رد عمل میں مائیکل ایتھرٹن  نے کہا کہ  انگلش کرکٹ گورننگ باڈی اور کھلاڑیوں کے پاس موقع تھا کہ قرض اداکرتے، اس کرکٹ نیشن جس نے بہت چیلنجز کا سامنا کیا۔

مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے صرف ایک بیان جاری کرکے غلط کیا جب کہ انگلینڈ پاکستان کا واجب الادا قرض نہیں اتارسکا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل نیوزی لینڈ نے بھی سکیورٹی تھریٹس کی بنیاد پرٹور ختم کیا، یہ پاکستان کا ہائی پروفائل سیزن تھا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیاکو دورہ کرنا تھا لیکن اس وقت سب کچھ چکنا چورہوگیا ہے جس کی وجہ سے  پاکستان کو اس وقت شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس میں نے لکھا تھا کہ وباکے دنوں میں پاکستان اور ویسٹ انڈیزنے انگلینڈ کا دورہ کرکے سخاوت دکھائی تھی، انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ دورہ جنوبی افریقا کی دستبرداری اور مانچسٹرٹیسٹ کی منسوخی سے بدتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غصہ قابل فہم ہے جب کہ رمیز راجا سابق کرکٹر ہیں اس لیے وہ کھلاڑیوں کی زبان بول رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :