27 ستمبر ، 2021
پاکستان کے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے سے قبل ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے عمر شریف کا معائنہ کیا ہے، عمر شریف کے تمام ٹیسٹ دوبارہ کیے جا رہے ہیں۔
عمر شریف کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاج کے لیے امریکا روانگی سے قبل اداکار کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ عمر شریف کی طبیعت بہتر ہے اور فی الحال انہیں ڈائلیسز کی ضرورت نہیں ہے۔
دوسری جانب عمر شریف کو علاج کے لیے امریکا منتقل کرنے والی ائیر ایمبولینس فلپائن کے دارالحکومت منیلا سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہے، ائیر ایمبولینس کے آج پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔