28 ستمبر ، 2021
افغانستان کی عبوری حکومت نے امریکا سے افغان فضائی حدود میں ڈرونز کی پیٹرولنگ روکنے کا مطالبہ کردیا۔
طالبان کے ترجمان و نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عالمی قوانین کے تحت ممالک اپنی ریاستوں کی علاقائی اور فضائی خودمختاری کے واحد مالک ہیں لہٰذا امارت اسلامی افغانستان کی زمین اور فضائی حدود کی سرپرست ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکی ڈرونز افغانستان کی فضائی حدود پر حملہ کر رہے ہیں اور امریکا نے تمام بین الاقوامی قوانین اور امارات اسلامی سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے اس طرح کی خلاف ورزیوں کی اصلاح اور روک تھام ہونی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ تمام ممالک بالخصوص امریکا منفی نتائج کو روکنے کیلئے عالمی وعدوں اور قوانین پرعمل کرے۔
خیال رہے کہ طالبان کے کنٹرول کے بعد 28 اگست کو کابل ائیرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ کیا تھا جس میں 7 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
پہلے اس حملے میں داعش کی جنگجو کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں امریکا نے ڈرون حملے میں عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا اعتراف کیا تھا۔