پاکستان
Time 28 ستمبر ، 2021

شہباز شریف اور سلیمان کے برطانیہ میں اکاؤنٹس کی تحقیقات سے تعلق نہیں، نیب ذرائع

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے بیٹے سلیمان شہباز کے برطانوی اکاؤنٹس کی تحقیقات سے لاتعلقی ظاہر کردی۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے برطانوی اکاؤنٹس کی تحقیقات سے نیب کا کوئی تعلق نہیں ہے جبکہ نیب کبھی سلیمان شہباز اور شہباز شریف کے برطانیہ میں اکاؤنٹس یا منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کا حصہ نہیں رہا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے باپ بیٹے سے برطانیہ میں موجود ان دواکاؤنٹس پرکبھی سوالات نہیں کیے۔

ذرائع نے بتایاکہ نیب نے تاحال بیرون ملک سے بوگس اکاؤنٹس کے ذریعے ٹی ٹیز کی انویسٹی گیشن کی ہے، ٹی ٹیز مہارت سے اربوں روپے حاصل کرنےکیلئے استعمال کی گئیں، شہبازشریف اورخاندان نے ٹی ٹیز سے سوا 2 ارب روپے ذاتی اکاؤنٹس میں منتقل کرائے  جبکہ بذریعہ ٹی ٹیز سوا دو ارب روپے برطانیہ اوریواے ای سے منتقل کرائے۔

نیب ذرائع کے مطابق بوگس اکاؤنٹس کے ذریعے ٹی ٹیز کا معاملہ ہی نیب کا کیس تھا، جن اکاؤنٹ ہولڈرز سے بیرون ملک سے رقوم منتقل کرائی وہ کبھی بیرون ملک گئے ہی نہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے یہ تمام نیکسس آپریٹ کرنے والا ملزم بھی نیب نے گرفتار کیا اور نیکسس آپریٹ کرنے والے ملزم کا بیان نیب ریفرنس کا حصہ ہے، نیب کا کیس برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے کیس سے بالکل مختلف اور ٹھوس شواہدپرمبنی ہے۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ نیب کا کیس احتساب عدالت لاہور میں زیر سماعت ہے، سلیمان شہبازکو این سی اے سےکلین چٹ ملی ہے تو انہیں پاکستان واپس آجاناچاہیے، وہ وقت ضائع کیے بغیر واپس آئیں تاکہ دودھ کادودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں  شہباز اور سلیمان کو  جامع تحقیقات کے بعد کلین چٹ دی تھی۔

مزید خبریں :