29 ستمبر ، 2021
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج کم لاگت میں سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں اس کا مطلب ہے ماضی میں سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کی گئی ، ایف آئی اے سے اس معاملے کی تحقیقات کا کہا ہے۔
جھل جھاؤ بیلہ شاہراہ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کم لاگت میں سڑکیں تعمیر ہو رہی ہیں اس کا مطلب ہے ماضی میں سڑکوں کی تعمیر میں کرپشن کی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2013 کے فرق کے باوجود آج سڑکیں سستی بن رہی ہیں، آپ سوچ لیں پچھلی حکومت نے کس طرح پیسہ بنایا، پہلے سستی سڑکیں بناتے تو کتنا پیسہ بچتا، ایف آئی اے سے اس معاملے کی تحقیقات کا کہا ہے۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے الیکشن کا سوچنے والی حکومت بلوچستان پر توجہ نہیں دیتی، کرپشن نہ ہوتی تو بلوچستان ترقی کرتا۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقے خوش حال ہوتے، اپنے حلقے کا سوچنے والے بلوچستان کے سیاست دان بھی قصور وار ہیں۔
منہگی سڑکیں کس نے بنائیں؟ زندہ مثال پشاورعمرانی بس منصوبہ ہے
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید کا کہنا ہے کہ مہنگی سڑکیں کس نے بنائیں؟ زندہ مثال پشاور عمرانی بس منصوبہ ہے۔
پرویز رشید نے مزید کہا کہ پشاور میٹرو نواز شریف دور میں بننے والے تین میٹرو منصوبوں لاہور، پنڈی۔اسلام آباد اور ملتان سے بھی مہنگا بنا لیکن اسکی بسیں چلتی کم اور جلتی زیادہ ہیں ۔