30 ستمبر ، 2021
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے پاکستانی بن گئے اور انہوں نے یہ سنگ میل نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں ناردرن کے خلاف سینٹرل پنجاب کی جانب سے سنچری بناکر عبور کیا۔
راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی میں جمعرات کو سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے بابراعظم نے 63 گیندوں پر 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ بابراعظم کے کیرئیر کی چھٹی سنچری ہے جس کے ساتھ وہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پاکستانی بن گئے ہیں۔
بابراعظم نے 185 اننگز میں 6 سنچریاں اسکور کی ہیں جب کہ پاکستان کے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے پانچ ،پانچ، خرم منظور نے چار ، مختار احمد اور شرجیل خان نے تین، تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔
بابر اعظم 6 یا اس سے زائد سنچریاں بنانے والے دنیا کے نویں بیٹسمین ہیں، اس فہرست میں کرس گیل 22 سنچریوں کے ساتھ سب سے پہلے نمبر پر ہیں۔
بابراعظم 105 رنز کی اننگز کے بعد ایک اور عالمی ریکارڈ کے قریب آگئے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ وہ اگلی اننگز میں تیز ترین 7 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بیٹسمین بن جائیں گے۔
بابر اعظم نے 185 اننگز میں 6984 رنز بنائے ہیں، انہیں کرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کیلئے 6 اننگز میں 16 رنز درکار ہیں جس کے بعد وہ یہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیں گے۔
بابراعظم کا فی اننگز ففٹی پلس ریٹ دنیا میں تمام بیٹسمینوں میں سب سے بہتر ہے، ان کے کیرئیر میں 6 سنچریوں سمیت 64 ففٹی پلس اننگز ہیں، ان کا فی اننگز، ففٹی پلس اوسط 2.89 ہے یعنی ہر تیسری اننگز میں بابر نے کم از کم ففٹی اسکور ضرور کی ہے۔