17 ستمبر ، 2021
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے سکیورٹی خدشات کو جواز بناکر پاکستان کا دورہ اچانک ختم کرنے کا اعلان کیا جبکہ اس حوالے سے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں بابر اعظم کا کہنا تھاکہ نیوزی لینڈ کے اچانک فیصلے سے انتہائی مایوسی ہوئی، یہ سیریز متعدد فینز کے چہروں پر مسکراہٹیں لاسکتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پاکستانی سکیورٹی ایجنسیوں کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے اور ہمیں اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے۔
بابر اعظم نے آخر میں ’پاکستان زندہ باد‘ بھی لکھا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے میچ کے آغاز میں تاخیر ہوئی تھی جس کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ شاید کورونا کی وجہ سے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پھر یہ خبر سامنے آئی کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے میچ منسوخ کیا گیا ہے تاہم اب اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دورہ پاکستان ختم کردیا ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائی ہے۔