02 اکتوبر ، 2021
آج کے دور میں سوشل میڈیا کا استعمال جتنا زیادہ بڑھ گیا ہے اتنا ہی سائبر جرائم میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔
سائبر کرائم میں آن لائن بلیک میلنگ، فراڈ، کسی اور کی شناخت اپنا کر دھوکہ دینا، خواتین کو ہراساں کرنے جیسے مسائل اور نامناسب ویڈیوز، تصاویر پھیلانے جیسے جرائم شامل ہیں۔
حال ہی میں سرکاری ٹیلی ویژن پر ایک مارننگ شو میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر وِنگ کے ہیڈ عمران ریاض نے شرکت کی جس میں انہوں نے لوگوں کو سائبر کرائم سے متعلق آگاہی فراہم کی۔
بہت سے افراد شکایت کا طریقہ کار سن کر ہی سائبر کرائم سے رجوع کرنے سے انکار کردیتے ہیں لیکن عمران ریاض نے دوران انٹرویو 4 طریقوں سے متعلق بتایا جس کے تحت ایف آئی اے کو شکایت باآسانی درج کرائی جاسکتی ہے۔
طریقہ کار
1) آن لائن پورٹل http://complaint.fia.gov.pk پر شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔
2) ای میل [email protected] کے ذریعے اپنا مسئلہ بیان کیا جاسکتا ہے۔
3) جرائم سے متعلق ہیلپ لائن 1991 پر آگاہ کریں۔
4) آخری طریقہ یہ ہے کہ بذاتِ خود ایف آئی اے کے دفتر جایا جاسکتا ہے۔
عمران ریاض نے بتایا کہ سب سے اچھا طریقہ خود جاکر شکایت درج کروانا ہے۔ لوگوں کی شکایت درج ہونے کے بعد تصدیق کا عمل مکمل کیا جاتا ہے۔
اس سارے عمل میں کتنا وقت درکار ہوتا ہے؟
عمران ریاض کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے فلٹر ہوکر ہم تک شکایت پہنچتی ہے۔ بعدازاں شکایت متعلقہ شہروں تک پہنچا دی جاتی ہے جس پر کام فوری شروع کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے آن لائن فراڈ، جنسی ہراسانی اور دیگر جرائم میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا ہے۔