Time 02 اکتوبر ، 2021
پاکستان

عمر شریف کی تدفین مزار عبداللہ شاہ غازی میں ہوگی، سندھ حکومت کی تصدیق

والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو، بیٹا عمر شریف— فوٹو:فائل
والد کی خواہش تھی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو، بیٹا عمر شریف— فوٹو:فائل

معروف کامیڈین و اداکار عمر شریف کے بیٹے نے والد کی تدفین کے حوالے سے خواہش کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں موجود عمر شریف کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ والد اب ہم میں نہیں رہے اور خالق حقیقی سے جاملے ہیں، سب سے اپیل ہےکہ مغفرت کے لیے دعا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ والد کی خواہش تھی کہ تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار میں ہو، سندھ حکومت سے عبداللہ شاہ غازی کےمزار میں تدفین کی درخواست کی ہے۔

اب عمر شریف کی خواہش پر حکومت سندھ کی جانب سے بھی ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عمر شریف کی خواہش کے مطابق ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی قبرستان میں کرنے کے انتظامات سندھ حکومت کررہی ہے۔

دوسری جانب  میڈیا سے گفتگو میں عمر شریف کے بیٹے جواد عمر  کا کہنا تھاکہ سندھ حکومت سے عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں تدفین کی درخواست کی تھی جس پر سعیدغنی نے مزار کے احاطے میں تدفین کی اجازت کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے پاکستان کے معروف اداکار اور کامیڈین عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔

عمر شریف کے خاندانی ذرائع نے اداکار کی جرمنی کے اسپتال میں انتقال کی تصدیق کی۔

ان کے انتقال پر صدر اور وزیراعظم سمیت سیاسی، سماجی اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا۔ 

مزید خبریں :