Time 02 اکتوبر ، 2021
پاکستان

ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پر بیوی پر تیزاب پھینکا، شوہر نے اعتراف کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی میں مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیوز سے تنگ شوہر کی جانب سے بیوی پر تیزاب پھینکنے کے مقدمے میں پولیس نے تحقیقات کے بعد چالان کراچی کی مقامی عدالت میں پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں مبینہ طور پر ٹک ٹاک ویڈیوز سے تنگ آکر شوہر کی جانب سے بیوی پر تیزاب پھینکنےکے کیس کی سماعت ہوئی ۔

پولیس نے تحقیقات کرکےکیس کا چالان عدالت میں پیش کردیا،  چالان میں قتل کی دفعات بھی شامل کردی گئی ہیں۔

چالان میں مزید کہا گیا ہےکہ مقتولہ رمشا کی ڈیڑھ سال قبل ملزم ذیشان سے شادی ہوئی تھی ، مقتولہ سٹی کورٹ میں پرائیوٹ ملازمت کرتی تھیں، ملزم ذیشان نے مقتولہ کو زبانی طلاق دے رکھی تھی مگر واپس اپنےگھر آنے پر زور دے رہا تھا۔

ملزم نے بیان دیا کہ اس کی اہلیہ ٹک ٹاک بناتی تھی ، ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے سے رمشا کو منع کرتا رہا اور کہا کہ ٹک ٹاک ویڈیوز پبلک نہ کرے،  رمشا نے میری بات نہیں مانی اور اپنی والدہ کے گھر چلی گئی، میری بیوی غیر لوگوں کے ساتھ آتی جاتی تھی ، اس حرکت سے میری عزت خراب ہو رہی تھی۔

بیان کے مطابق  واقعے سے تین دن قبل ملزم ذیشان نے اپنے دوست بالاج کو تیزاب لانے کو کہا، ملزم کے دوست بالاج نے تیزاب خرید کر دیا، 21 اگست کی صبح ملزم ذیشان نےگھر کے باہر مقتولہ پر تیزاب پھینک دیا۔

واقعے کے ایک ماہ بعد  تیزاب گردی سے زخمی ہونے والی رمشا سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج چل بسی۔

پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم ذیشان اور اس کا دوست بالاج  دونوں گرفتار ہیں۔

مزید خبریں :