Time 03 اکتوبر ، 2021
پاکستان

ایم کیو ایم کا عمر شریف کی میت 48 گھنٹوں میں وطن لانے کا مطالبہ

وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ عمر شریف کی نماز جنازہ سرکاری سطح پر ادا کی جائے: وفاقی وزیر امین الحق. فوٹو: فائل
وزیراعظم سے درخواست کریں گے کہ عمر شریف کی نماز جنازہ سرکاری سطح پر ادا کی جائے: وفاقی وزیر امین الحق. فوٹو: فائل

ایم کیو ایم پاکستان نے گزشتہ روز جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر جانے والے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین عمر شریف کے جسد خاکی کو 48 گھنٹوں میں وطن واپس لانے کے لیے انتظامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر امین الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عمر شریف کے جسد خاکی کو جلد از جلد وطن واپس لانے پر مشاورت کی۔

اعلامیے کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عمر شریف کے جسد خاکی کو جلد وطن واپس لانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق امین الحق نے جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ڈاکٹر محمد فیصل کو عمر شریف کی فیملی سے ہر ممکن تعاون کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر امین الحق کراچی میں عمر شریف کے گھر بھی گئے اور اہلخانہ سے تعزیت کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا عمر شریف اس قوم کے لیجنڈ ہیں، وہ صرف پاکستان کے نہیں ایشیا کے بڑے فنکار تھے۔

ان کا کہنا تھا ایم کیو ایم نے عمر شریف کے انتقال پر سوگ کا اعلان کیا ہے اور تمام ایونٹ ملتوی کر دیے ہیں۔

امین الحق نے 48 گھنٹوں میں عمر شریف کی میت پاکستان لانے کے انتظامات کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے درخواست کریں گے کہ سرکاری سطح پر عمر شریف کی نماز جنازہ ادا کی جائے۔

مزید خبریں :