Time 03 اکتوبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

مفتی تقی عثمانی نے عمر شریف کی نماز جنازہ پڑھانے کی درخواست قبول کر لی

کامیڈی کے سلطان عمر شریف کے انتقال کے بعد پہلی بار  ان کی اہلیہ کا ویڈیو  پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت سے ملنے والی دعاؤں پر  سب کا شکریہ ادا کیا ہے اور بتایا کہ مرحوم عمر شریف کی نمازِ جنازہ مفتی تقی عثمانی پڑھائیں گے۔

زرین غزل نے تمام مداحوں سے کہا کہ آپ کی دعاؤں کے باعث عمر  یہاں تک پہنچے اور آگے بھی انہیں آپ لوگوں کی دعاؤں کی ضرورت ہے، اللہ ان کی آگے کی منزل آسان کرے۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور  سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ہماری اس مشکل وقت میں بہت مدد کی۔

زرین غزل نے ڈاکٹر طارق شہاب کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے عمر شریف کیلئے امریکا میں اسپتال کا انتظام کیا تھا۔

مرحوم اداکار کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ عمر کی یہ خواہش تھی کہ انہیں عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں سپرد خاک کیا جائے، میں شکریہ ادا کرتی ہوں کہ سندھ حکومت نے ان کی اس خواہش کو پورا کیا۔

زرین غزل نے کہا کہ میں نے مولانا تقی عثمانی صاحب سے درخواست کی ہے کہ وہ عمر شریف کا نماز جنازہ پڑھائیں اور انہوں نے اسے قبول بھی کر لیا ہے۔

مزید خبریں :