Time 05 اکتوبر ، 2021
دنیا

'فیس بک برائے فروخت'، ٹوئٹرکے بانی نے قیمت پوچھ لی

سوشل میڈیا ایپس کی بندش پر ٹوئٹر پر میمز کی بھرمار ہوگئی ہے،فوٹو، ٹوئٹر
سوشل میڈیا ایپس کی بندش پر ٹوئٹر پر میمز کی بھرمار ہوگئی ہے،فوٹو، ٹوئٹر

پاکستان سمیت دنیا بھر میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی سروسز متاثر ہوگئی ہیں جس کے باعث سوشل میڈیا صارفین کی تمام تر توجہ ٹوئٹر پر مرکوز ہوگئی ہے۔

ٹوئٹر صارفین کی جانب سے جہاں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش پر دل کی بھڑاس نکالی جارہی ہے وہیں مختلف قسم کی مزاحیہ اور طنزیہ میمز پوسٹ کی جارہی ہیں۔

ٹوئٹر کے آفیشل اکاؤنٹ سے متاثرہ ایپس پر طنز کیا گیا ہے وہیں ٹوئٹرکے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) جیک ڈورسی بھی اس موقع پر پیچھے نہیں رہے۔

جیک ڈورسی نے ایک میم  ری ٹوئٹ کی ہے جس میں فیس بک کی فروخت کا اشتہار دکھایا گیا ہے، اس میمز میں کہا گیا ہےکہ فیس بک ڈاٹ کام فروخت کے لیے دستیاب ہے، اس پر جیک ڈورسی نے لکھا ہے کہ قیمت کتنی ہے ؟ 

ایک صارف نے جواباً تصویر پوسٹ کی ہے جس میں واٹس ایپ ، فیس بک اور انسٹاگرام کی ایک قبر دکھائی گئی ہے جب کہ ٹوئٹر کو وہاں وکٹری کے نشان کے ساتھ دکھایا گیا ہے۔

ایک صارف نے تصویرپوسٹ کی ہے جس میں ایک شخص تاروں کے گچھے میں الجھا ہوا ہے، صارف نے لکھا ہے کہ مارک زکر برگ خرابی دورکرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ایک صارف نے مسٹر بین کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں مسٹر بین کو اسپتال میں ڈاکٹر کو دکھانے کے لیے اپنی باری کا انتظار کرتے دکھایا گیا ہے، ویڈیو میں مسٹر بین شرارتیں کر رہے ہیں اور انہیں ٹوئٹر بنایا گیا ہے جب کہ ساتھ ہی شدید زخمی حالت میں ایک خاتون موجود ہیں جنہیں متاثرہ ایپس سے تشبیہہ دی گئی ہے۔

ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہےکہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی بندش سے متاثرہ صارفین ٹرین میں دوسری ایپس ٹوئٹر اور سگنل ڈاؤن لوڈ کروانے جارہے ہیں۔

ایک اور صارف نے مشہور زمانہ میم شیئر کی ہے جس میں ایک شخص کو سکون سے لیٹےگراؤنڈ میں لوگوں کےکھیل سے لطف اندوز ہوتا دکھایا گیا ہے، اس شخص کو ٹوئٹر سے تشبیہہ دی گئی ہے جو مزے سے جائزہ لے رہا ہے۔

ایک صارف نے فیس بک کے بانی مارک زکر برگ کی میم شیئر کی ہے جس میں انہیں بجلی کے تاروں میں مصروف دکھائی دیا گیا ہے۔

ایک صارف نے بالی وڈ فلم کے سین کی اسکرین گریب پوسٹ  کیا ہے جس میں فلم کے کردار بھاگ رہے ہیں، صارف نے لکھا کہ سب لوگ بھاگ کر ٹوئٹر کی طرف آرہے ہیں تاکہ تازہ صورتحال کا علم ہوسکے۔


مزید خبریں :