05 اکتوبر ، 2021
وفاقی دار الحکومت اسلام آباد اور خیبر پختو نخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 62 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی طور پر ڈینگی مریضوں کی تعداد 1724 ہوگئی۔
محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ پشاور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 26 ، مردان 17، صوابی 5 اور ضلع خیبر میں 6 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعدپشاور میں مجموعی طور پر ڈینگی مریضوں کی تعداد 384 ہوگئی۔
دوسری جانب اسلام آباد میں مزید 44 افراد میں ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوگئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 571 ہوگئی۔
اسی طرح ملتان کے نشتر اسپتال میں 10 ،پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 9 ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیں ۔
ادھر محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 27 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔
خیال رہے کہ ڈینگی کا لاروا صاف پانی میں پرورش پاتا ہے، ملک بھر کے شہروں میں ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے گھر اور گھر کے باہر پانی مت کھڑا ہونے دیں اس حوالے سے شہریوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔