Time 06 اکتوبر ، 2021
پاکستان

'صدر مملکت وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد چیئرمین نیب تعینات کرینگے'

 وفاقی وزیرقانون فروغ نسیم کا کہنا ہےکہ  وزیراعظم  اور  اپوزیشن لیڈر سے مشاورت کے بعد صدر  پاکستان چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعینات کریں گے، نئے چیئرمین نیب کی تقرری تک موجودہ چیئرمین کام کرتے رہیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ نیب ترمیمی آرڈیننس پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرقانون فروغ نسیم  کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی صدر  پاکستان کریں گے، اگر اتفاق رائے نہیں ہوتا تو چیئرمین نیب کے تقرر کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنےگی، پارلیمانی کمیٹی اسپیکر قومی اسمبلی قائم کریں گے، پارلیمانی کمیٹی 6 اپوزیشن اور 6 حکومتی ارکان پر مشتمل ہوگی۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نیب قانون کے معاملے پر اپوزیشن نے ہمارے ساتھ بڑی سیاست کی ، بدقسمتی سے بیوروکریسی کے معاملے پر اپوزیشن آڑے آگئی اور نیب کی ترامیم میں اپنی 34 ترامیم لے آئی۔

وزیرقانون کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے وزیر اعظم کے ساتھ کئی اجلاس ہوئے، چیئرمین نیب کےلیے لفظ نان ایکسٹینڈایبل کو تبدیل کیا ہے،فیصلہ ہوا ہے کہ ایسی ترامیم لائی جائیں کہ سب ٹیکس ایشو ایف بی آر دیکھے، پرائیویٹ شخص کو نیب کے دائرہ اختیار سے نکال دیا گیا ہے، بیوروکریسی کے لیے بھی نیک نیتی سے ترمیم لائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سیاست میں پڑ گئی اور عمران خان کا موڈ بھی بدل گیا، اگر فیصلوں میں بدنیتی نہیں تو بیوروکریسی کو بھی نیب کے دائرہ  اختیار سے نکالا جا رہا ہے، ڈسٹرکٹ جج یا ریٹائرڈ جج احتساب عدالت کا جج بن سکے گا، احتساب عدالتوں میں جج متعلقہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے مشورے سے لگایا جائےگا۔

  وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے، فواد چوہدری

اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نےکہا کہ  چیئرمین نیب کی تقرری کے لیے  وزیراعظم عمران خان شہباز شریف سے مشاورت نہیں کریں گے، وزیراعظم سےمشاورت کے لیے اپوزیشن کوئی اور اپوزیشن لیڈر لے آئے۔

 فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ  بے ہودہ بات ہے کہ چور سے پوچھ کر تقرری کریں، چوروں سے پوچھ کر تھانیدار نہیں لگا سکتے، شہبازشریف میں تھوڑی بہت شرم ہو تو خود ہی اپوزیشن لیڈر سے مستعفی ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آرڈیننس کے ساتھ نیب قانون میں ترمیم ایکٹ کے ذریعے بھی کررہے ہیں،اپوزیشن سے بھی اس متعلق تجاویز مانگیں گے ، نیب گندے کام میں پڑنے کے بجائے اہم اور اصل کام کرے گا۔

مزید خبریں :