پاکستان
Time 06 اکتوبر ، 2021

ویڈیو: عامر خان نے عمر شریف سے ملاقات میں ان کی تعریف کن الفاظ میں کی ؟

سب کو ہنسانے والےکامیڈی کنگ عمر شریف کے بالی وڈ میں بھی بہت مداح تھے جن میں مسٹر پرفیکٹ عامر خان بھی شامل ہیں۔

عمرشریف نے اپنے کام سے سرحد پار بھی بہت نام کمایا،بالی وڈ اداکار گووندا نے عمر شریف کی اداکاری کی نقل کر کے اپنے گرتے کیرئیر کو سنبھالا۔

 ہدایت کار ڈیوڈ دھون کی فلموں میں عمر شریف کے ڈراموں کی ہو بہو نقل کی گئی ، امیتابھ بچن بھی عمر شریف کے ڈائیلاگ بولتے دکھائی دیے۔

بالی وڈ اداکارعامر خان بھی عمر شریف کے مداح تھے، دورہ پاکستان کے دوران ایک تقریب میں عمر شریف سے انہوں نے کہا تھا کہ میری امی پاکستانی ڈرامے بہت شوق سے دیکھتی ہیں اور میں نے بھی کئی دیکھے ہیں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ایک دن امی نے مجھ سے آپ کا ڈرامہ 'بکرا قسطوں پہ'دیکھنےکو کہا ، جس کے بعد سے میں آپ کا مداح بن گیا، ڈرامہ دیکھ کر میں ہنسی کی وجہ سے سانس نہیں لے پارہا تھا اور ہر 10 منٹ بعد ڈرامہ روک کر کمرے سے باہر جاتا اور پھر واپس آتا۔

عامر خان کا مزید کہنا تھا کہ تب سے میں آپ سے ملنا چاہتا تھا، مجھے آج بہت خوشی ہوئی کہ آپ سے ملنے اور بات چیت کا موقع ملا۔

عمر شریف دنیا چھوڑ گئے لیکن پرستاروں اور پاکستانیوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

انہوں نے اسٹیج شوز ، تھیٹر، ٹی وی، فلم  اور فن کے ہر میدان میں شہرت کمائی، محمد علی، سلطان راہی ، مائیکل جیکسن کی پیروڈی ہو یا عزیز میاں قوال کا انداز ، مکالموں میں روانی ہو  یا کامیڈی کی ٹائمنگ ، حاضر جوابی میں عمر شریف کا کوئی ثانی نہیں تھا۔

جیو ٹی وی کا مشہور شو ’دا شریف شو‘ مقبول ترین پروگرام ثابت ہوا، عمر شریف لالی وڈ فلم انڈسٹری میں بھی ٹرینڈ سیٹر ثابت ہوئے، فلم مسٹر 420 سے پہلے لالی وڈ بحران کا شکار تھی تاہم اس فلم کے باعث لالی وڈ کو سہارا ملا۔

خیال رہےکہ عمر شریف ہفتہ 2 اکتوبر کو جرمنی کے اسپتال میں انتقال کرگئے تھے، انہیں علاج کے لیے امریکا لے جایا جارہا تھا۔

آج جنوبی ایشیا کے اس عظیم فن کار کو کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔


مزید خبریں :