07 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان ، ارباز مرچنٹ اور مونمُن دھمیچا کو بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) کی جانب سے منشیات کیس میں 3 اکتوبر کو حراست میں لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی نے 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارا اورشاہ رخ خان کے بیٹے آریان ، ارباز مرچنٹ اور مونمُن دھمیچا سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا۔
آریان خان بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان اورگوری خان کے بیٹے ہیں جبکہ ارباز مرچنٹ آریان کے قریبی دوست ہیں جن کے والد معروف وکیل ہیں لیکن یہ کم لوگوں کو ہی معلوم ہے کہ ان دونوں کے ساتھ گرفتار ہونے والی مونمُن دھمیچاکون ہیں؟
بھارتی میڈیا کے مطابق 39 سالہ مونمُن دھمیچا ایک ماڈل ہیں اور وہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ضلع ساگر میں رہتی ہیں۔
مونمُن کی والدہ کا گذشتہ سال انتقال ہو گیا تھا،ان کے ایک بھائی پرنس دھمیچا بھی ہیں جو دہلی میں کام کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ مونمُن نے اپنی تعلیم ساگر میں ہی مکمل کی۔
مونمُن انسٹاگرام پر اتنی فعال نظر نہیں آتیں اور ان کے صرف 10 ہزار فالورز ہیں جبکہ کسی بالی وڈ شخصیت نے انہیں فالو بھی نہیں کیا ہوا۔
واضح رہے کہ کروز شپ سے گرفتار ہونے والے آریان ،ارباز اور مونمُن سمیت 8 ملزمان کو 4 اکتوبر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد انہیں عدالتی حکم پر 7 اکتوبر تک این سی بی کے سپرد کیا تھا۔
تاہم جمعرات کو سماعت کے بعد آریان اور دیگر 7 ملزمان کو 14 روزہ کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔