08 اکتوبر ، 2021
انگلش کرکٹ بورڈ کے سبکدوش ہونیوالے چیئرمین این واٹمور کو جاتے جاتے بھی تنقید کا سامنا ہے۔
سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے ایکبار پھر واٹمور کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا فیصلہ انگلش کرکٹ کی جگ ہنسائی کا سبب بنا۔
این واٹمور نے جمعرات کو اپنے عہدے سے سبکدوشی کا اعلان کیا تھا، واٹمور کے کارناموں پر تبصرہ کرتے ہوئے مائیکل ایتھرٹن نے ایک کالم میں ان پر شدید تنقید کی۔
ایتھرٹن نے کہا کہ واٹمور کے بارے میں اندازہ اس وقت ہی ہوگیا تھا جب انہوں نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
سابق انگلش کپتان اور مایہ ناز براڈ کاسٹرمائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ جس طرح انگلینڈ نے وعدہ کیا، پھر وعدے سے مکرا، کوئی وجہ نہیں بتائی اور بے کار سی پریس ریلیز کے پیچھے چھپنے کی کوشش کی گئی، اس سے انگلش کرکٹ کی جگ ہنسائی ہوئی۔
سابق کرکٹرکا کہنا تھا کہ اس ایک فیصلے نے انگلینڈ کو بیک وقت مغرور، دوہرا اور کمزور دکھادیا ۔
انہوں نے کہا کہ جب اس فیصلے پر سب نے تنقید اور احتجاج کیا تو مشیروں کی رائے پر ایک نام نہاد معافی کی کوشش کی گئی ، یہ معافی سے زیادہ مزید الجھن تھی جس نے کام اور خراب کیا۔
سابق انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان کے دورے کی منسوخی سے پی سی بی کو تو مالی نقصان ہوا مگر انگلش کرکٹ بورڈ کے وقار کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہےکہ 20 ستمبر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔