08 اکتوبر ، 2021
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو گزشتہ ہفتے ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم یہ اطلاع پولیس کو کس نے دی؟ اس حوالے سے اہم انکشاف سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھوپال کے رہائشی نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے 2 افراد کو اطلاع دی جس کے بعد نارکوٹکس کنٹرول بیورو( این سی بی) کے حکام نے جہاز پر چھاپہ مارا ۔
زیر بحث دونوں افراد بی جے پی کے کارکن منیش بھنسوہالی اور جاسوس کرن گوساوی تھے جن کی تھانے میں لی گئی سیلفی آریان خان کے ساتھ وائرل ہوئی تھیں ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی کانگریس پارٹی کے رہنما نواب ملک نے کروز شپ ریڈ کے جعلی ہونے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب بھوپال کے رہائشی شخص نے مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ آریان خان سمیت دیگر افراد کے پارٹی کے دوران منشیات کے استعمال سے متعلق این سی بی حکام کو الرٹ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یادیو نامی شخص کا کہنا ہے کہ انھیں پارٹی میں شریک ایک دوست کی جانب سے کروز شپ پر منشیات کے استعمال سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا ، جس کے بعد انھوں نے منیش بھنسوہالی کو آگاہ کیا اور پھر این سی بی حکام کی جانب سے کروز شپ پر چھاپہ مارا گیا۔
خیال رہے کہ این سی بی نے گزشتہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
بعد ازاں عدالت نے آریان خان7 اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے آریان اور دیگر 7 ملزمان کو 14 روز کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
دوران تفتیش زیر حراست آریان این سی بی حکام کے سامنے بھی روپڑے تھے اور اعتراف کیا تھا کہ وہ تقریباً گزشتہ 4 برسوں سے منشیات لے رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی حکام کا بتانا ہے کہ دوران تفتیش آریان خان نے انکشاف کیا کہ جب وہ امریکا اور دبئی میں تھے تو اس دوران بھی وہ منشیات کا استعمال کیا کرتے تھے۔