ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: قومی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں، اعظم خان اور حسنین ڈراپ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم میں تبدیلیاں کردی گئیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان اور محمد حسنین کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور حیدر علی کو 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ 

ان کے علاوہ ٹریول ریزرو میں موجود فخر زمان کو خوشدل شاہ سے تبدیل کرکے 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

صہیب مقصود کو برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ جلد کیا جائے گا، پی سی بی

پی سی بی اعلامیے کے مطابق صہیب مقصود کو اسکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ میڈیکل ایڈوائس پر کیا جائے گا۔

صہیب کی کمر کا ایم آر آئی اسکین 6 اکتوبر کو کروایاگیا تھا۔ 

ورلڈکپ کیلئے 15 رکنی قومی اسکواڈ

پی سی بی کی جانب سے تبدیلیوں کے بعد 15 رکنی ٹیم میں کپتان بابر اعظم  اور شاداب خان شامل ہوں گے۔

ورلڈکپ کیلئے ابتدائی طور پران کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا — فوٹو: پی سی بی
ورلڈکپ کیلئے ابتدائی طور پران کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا — فوٹو: پی سی بی

اس کے علاوہ اسکواڈ میں آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، عماد وسیم، محمد حفیظ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی اور  صہیب مقصود بھی شامل ہیں۔

ٹریولنگ ریزرو کھلاڑیوں میں خوشدل شاہ، شاہنواز دھانی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

پاکستان کے میچز کب کب ہوں گے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ 24 اگست کو بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

اس کے بعد 26 اکتوبر  کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ ہوگا، اس کے بعد 29 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

2 نومبر کو پاکستان کا میچ اے ٹو سے شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ابوظبی جبکہ 7 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ بی ون سے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

10 نومبر  کو پہلا سیمی فائنل ابوظبی اور دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ 14 نومبر  کو فائنل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید خبریں :