Time 08 اکتوبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

آریان کی ضمانت مسترد، اگلے پانچ دن کس بیرک میں رکھا جائے گا؟

عدالتی فیصلے کے بعد اب آریان کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی— فوٹو:فائل
عدالتی فیصلے کے بعد اب آریان کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی— فوٹو:فائل

بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کی مقامی عدالت نے منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

گزشتہ روز نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی) نے ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر آریان کو عدالت میں پیش کیا گیا جس پر عدالت نے شاہ رخ کے بیٹے کو جوڈیشل ریمانڈ پر 14 روز کیلئے جیل بھیج دیا تھا۔

فیصلے کے بعد شاہ رخ خان نے بیٹے کی ضمانت کیلئے ممبئی کی مجسٹریٹ کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں آج سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے آریان خان سمیت 3 ملزمان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عدالتی فیصلے کے بعد اب آریان کو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔

رپورٹس کے مطابق آریان خان جوڈیشل ریمانڈ کے دوران ابتدائی 5 دن ممبئی کی سینٹرل جیل کی بیرک نمبر ایک میں قرنطینہ کریں گے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سینٹرل جیل کی بیرک نمبر ایک قرنطینہ کیلئے مختص ہے اور یہ جیل میں پہلی منزل پر قائم ہے۔  

آریان خان گرفتاری کیس: کب کیا ہوا؟

این سی بی نے گزشتہ ہفتے ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں عدالت نے آریان خان7 اکتوبر تک جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم گزشتہ روز ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے آریان اور دیگر 7 ملزمان کو 14 روز کیلئے عدالتی تحویل میں دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوران تفتیش زیر حراست آریان این سی بی حکام کے سامنے بھی روپڑے تھے اور اعتراف کیا تھا کہ وہ تقریباً گزشتہ 4 برسوں سے منشیات لے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق این سی بی حکام کا بتانا ہے کہ دوران تفتیش آریان خان نے انکشاف کیا کہ جب وہ امریکا اور دبئی میں تھے تو اس دوران بھی وہ منشیات کا استعمال کیا کرتے تھے۔

مزید خبریں :