Time 08 اکتوبر ، 2021
کھیل

کیا پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان انگلش بورڈ کے چیئرمین بن رہے ہیں؟

وسیم خان نے گزشتہ دنوں پی سی بی کے سی ای او کے عہدے سے استعفا دیا تھا جبکہ گزشتہ روز انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں— فوٹو: فائل
وسیم خان نے گزشتہ دنوں پی سی بی کے سی ای او کے عہدے سے استعفا دیا تھا جبکہ گزشتہ روز انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو  (سی ای او ) وسیم خان کے حوالے سے یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ وہ انگلش کرکٹ بورڈ کے مستعفی چیئرمین این واٹمور کا متبادل ہوسکتے ہیں۔

برطانوی میڈیا میں واٹمور کے متبادل کے طور پر وسیم خان کا تذکرہ کیا جارہا ہے۔ ایک برطانوی اخبار نے وسیم خان کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) چیئرمین کا متوقع امیدوار بھی قرار دے دیا ہے۔

ایک برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وسیم خان انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کیلئے ممکنہ امیداواران میں سے ایک ہیں۔

خبر میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ وسیم خان کو ایک اور انٹرنیشنل کرکٹ بورڈ سے بھی آفر ہے تاہم پی سی بی کے سابق سی ای او انگلینڈ میں قیام کو ترجیح دیں گے۔

 واضح رہے کہ وسیم خان کو دسمبر 2018 میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایم ڈی اور  بعد میں سی ای او مقرر کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل وہ انگلینڈ میں لیسٹرشائر کاؤنٹی کے سی او او کے ساتھ ساتھ انگلینڈ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کیلئے بنائے جانیوالے ورکنگ گروپ کے بھی سربراہ تھے۔

 ان کی پاکستان آمد کے موقع پر بھی برطانوی میڈیا میں کہا جارہا تھا کہ وسیم خان ایک روز انگلینڈ میں اہم ذمہ داریوں کیلئے واپس آسکتے ہیں۔

جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر وسیم خان نے کہا کہ انہوں نے یہ باتیں صرف سوشل میڈیا پر سنی ہیں، وہ فی الحال پاکستان میں ہیں ، برطانیہ روانگی چند دنوں بعد شیڈول ہے۔

خیال رہے کہ وسیم خان نے گزشتہ دنوں پی سی بی کے سی ای او کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ گزشتہ روز انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین این واٹمور بھی عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا مستعفی ہونے کے بعد کہنا تھا کہ بطوربرٹش پاکستانی اور سابق کرکٹر3 سال قبل پاکستان آنے کا فیصلہ کیا،میرا مقصد 22کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئےکھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ میرا مقصد 22کروڑ کرکٹ کی دیوانی قوم کیلئےکھیل کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا تھا لیکن بد قسمتی سے پاکستان کرکٹ کے ساتھ میرا سفر ختم ہوگیا۔

مزید خبریں :