09 اکتوبر ، 2021
لاہور: خاتون ٹک ٹاکر کیس میں گرفتار ملزم ریمبو نے عائشہ پر الزام عائد کیا ہےکہ وہ مقدمے کے ملزمان سے پیسے لینا چاہتی تھیں۔
اقبال پارک واقعے کے کیس میں پیشی کے دوران احاطہ عدالت میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ملزم ریمبو نے کہا کہ کسی کی جان بچانے کی یہی سزا ملتی ہے اور سبق یہی ملتا ہے کہ کسی کا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دو ماہ سے عائشہ کا ساتھ دے رہے تھے، مجھ سمیت گرفتار تمام افراد اس کیس کے گواہ بھی ہیں۔
ملزم ریمبو کا کہنا تھا کہ عائشہ مقدمے کے ملزموں سے 5، 5 لاکھ روپے لینا چاہتی تھی جس پر انہیں کہا کہ رقم کے پیچھے نہ بھاگو ، سمجھانے پر عائشہ نے غلیظ زبان استعمال کی اور دھمکی دی کہ اگر اس کے مطابق بیان نہ دیا تو جیل کی ہوا کھانی پڑے گی۔
ملزم نے مزید کہاکہ عائشہ نے نہ جانے کیوں مجھے میڈیا پر بھائی بنایا،مجھے نہیں پتہ کہ گھبرا کر مجھے بھائی بولا۔
14 اگست جشن آزادی کے دن لوگوں کی بڑی تعداد گریٹر اقبال پارک (مینار پاکستان) میں جمع تھی، ایسے میں ٹک ٹاکر خاتون عائشہ اپنے دو ساتھیوں عامر سہیل اور صدام حسین کے ساتھ وہاں پہنچیں اور ویڈیوز بنانا شروع کر دیں۔
اچانک منچلوں کے ایک گروہ نے خاتون پر ہلہ بول دیا، کپڑے پھاڑے اور انہیں ہوا میں اچھالتے رہے، خاتون دہائی دیتی رہی جو کسی نے نہ سنی،خاتون نے بڑی مشکل سے جان چھڑائی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد تھانہ لاری اڈا پولیس نے خاتون سے دست درازی اور بے لباس کرنے کے الزام میں 400 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا۔