09 اکتوبر ، 2021
لاہور کی مقامی عدالت نے گریٹر اقبال پارک میں دست درازی کا نشانہ بننے والی خاتون عائشہ اکرم کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار اس کے ساتھی ریمبو کا 4 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس نے ملزم عامر سہیل عرف ریمبو سمیت 8 افراد کو مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ کی عدالت میں پیش کیا۔
پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عائشہ اکرم نے بیان میں عامر سہیل عرف ریمبو سمیت دیگر ملزموں پر بلیک میلنگ کا الزام لگایا، ملزمان سے وقوعہ کی بابت موبائل، نقدی اور دیگر اشیا برآمد کرنی ہیں اس لیے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔
عدالت نے ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
دوسری جانب ملزم ریمبو کی حوالات میں ویڈیو وائرل ہونے پرانچارج انویسٹی گیشن سمیت 4 اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا جبکہ نامزد ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز خاتون ٹک ٹاکر عائشہ کے ساتھ دست درازی کیس میں ان کے ساتھی ریمبوکوحراست میں لیا گیا تھا۔