دنیا
Time 09 اکتوبر ، 2021

دوحہ مذاکرات شروع، طالبان کا امریکا سے منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ

افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان کے درمیان پہلی بار مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوگئے۔

گزشتہ روز طالبان وفد افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کی قیادت میں دوحہ روانہ ہوا تھا۔ 

افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا اور طالبان کے درمیان پہلی بار مذاکرات شروع ہوگئے ہیں جبکہ یہ مذاکرات دو روز جاری رہیں گے۔

اس حوالے سے افغان وزیرخارجہ امیر خان متقی کا کہنا تھاکہ امریکی وفد سے تعلقات کی نئی شروعات پر بات ہوئی ہے جبکہ افغان مرکزی بینک کے منجمد اثاثوں سے پابندی ہٹانےکا بھی کہا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ امریکی وفد سے انسانی امداد جاری رکھنے اور دوحہ معاہدےکی پاسدرای پر بات ہوئی جبکہ بات چیت میں افغانستان کی علاقائی سالمیت کا احترام کرنے پر زور دیا گیا۔

امیرخان متقی کا کہنا تھاکہ معاملات میں دخل اندازی نہ کرنے پر بھی بات ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان مثبت تعلقات اور روابط رکھنے پر تبادلہ خیال ہوا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی وفد کا کہنا تھا کہ طالبان سے امریکی شہریوں کے افغانستان سے بحفاظت انخلا، ایک اغوا شدہ امریکی شہری کی بازیابی اور افغانستان میں انسانی حقوق پر بات کریں گے۔

امریکا کے کہنا تھاکہ مذاکرات کا مقصد قطعی طالبان کو تسلیم کرنا نہیں۔

مزید خبریں :