11 اکتوبر ، 2021
لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کیلئے ایکسپو سینٹر میں 280 بیڈز پر مشتمل فیلڈ اسپتال فعال کر دیا گیا ہے جہاں جناح ، سروسز اور میو اسپتال کا عملہ ڈیوٹی انجام دے گا۔
ایکسپو سینٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ایکسپو سینٹر میں تمام سہولیات میسر ہیں، یہ سینٹر 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سروسز اسپتال اور گنگا رام اسپتال میں ڈینگی مریضوں کیلئے فی الحال بیڈز نہیں تاہم لاہور کے دیگر اسپتالوں میں اس وقت ایک ہزار 209 بیڈز ڈینگی مریضوں کیلئے موجود ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ مفت ہو رہا ہے جب کہ نجی لیبارٹریز میں 90 روپے لیے جا رہے ہیں، جس گھر سے ڈینگی کیس رپورٹ ہوتا ہے ادھر فوری رسپانس شروع ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 60 فیصد افراد کو سنگل ، 40 فیصد کو کورونا ویکسین کی مکمل ڈوز مل چکی ہے۔