پاکستان
Time 13 اکتوبر ، 2021

پنجاب میں 12 ربیع الاول تک پبلک ٹرانسپورٹ میں گانے چلانے پر پابندی عائد

عشرہ شان رحمت للعالمینﷺ کی مناسبت سے پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ  میں گانے چلانے پر  پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 12 ربیع الاول تک دوران سفر  پبلک ٹرانسپورٹ میں تلاوت قرآن پاک اور حمدیہ و نعتیہ کلام چلایا جائے۔

صوبے میں  12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت للعالمینﷺ منایا جائے گا
صوبے میں  12 ربیع الاول تک عشرہ شان رحمت للعالمینﷺ منایا جائے گا

 محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہےکہ عشرہ شان رحمت للعالمین ﷺکےاحترام میں گاڑیوں میں فلمیں اور گانے نہ  چلائے جائیں۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب نےڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیزکو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عشرہ شان رحمت للعالمین ﷺ کےتناظر میں جاری احکامات کویقینی بنایا جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی طرح پنجاب حکومت نے بھی جشن عید میلادالنبی ﷺ کی مناسب سے یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک عشرہ  شان رحمت للعالمینﷺ منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے مطابق صوبے بھر میں شان رحمت للعالمین ﷺکے حوالے سے خصوصی تقریبات اور محافل ہونگی ، نعتیہ مشاعرہ اور مقابلہ حسن نعت اور دیگر تقاریب ہونگی ، خطاطی کی نمائشیں، مقابلے منعقد ہوں گے ، پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اسٹاف کو کارکردگی پر رحمت للعالمینﷺ سے منسوب میڈل دیے جائیں گے  اور  قیدیوں کے لیے پریزن پیکج کا اعلان بھی کیا جائےگا ۔


مزید خبریں :