Time 13 اکتوبر ، 2021
کھیل

ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کی طرف سے دورہ پاکستان سے متعلق مثبت خبر آگئی

ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے— فوٹو: فائل
ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے— فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے بورڈز کے درمیان شیڈول کے حوالے سے حتمی بات چیت جاری ہے۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈز کے درمیان ویمن ٹیموں کی سیریز کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری تھا لیکن موجودہ حالات میں دورے کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔

تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن ٹیموں کی سیریز کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے، کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی ہے اور حتمی شیڈول کے حوالے سے دونوں بورڈز میں بات چیت جاری ہے جس کے مطابق ون ڈے سیریز کے تین میچز 8، 11 اور 13 نومبر کو کراچی میں کرانے کی تجویز ہے۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نومبر کے شروع میں کراچی پہنچ کر تین روز کا قرنطینہ مکمل کرے گی۔

سیریز کیلئے پاکستان ویمن ٹیم کا ٹریننگ کیمپ 22 اکتوبر سے کراچی میں لگنے کا امکان ہے۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمن ٹیمیں سیریز کے بعد ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے زمبابوے جائیں گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز مینز کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے بھی پر امید ہے جس کو دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

مزید خبریں :