Time 13 اکتوبر ، 2021
انٹرٹینمنٹ

شتروگھن سنہا آریان خان کی حمایت میں سامنے آگئے

بالی وڈ اداکار اور سیاست دان شترو گھن سنہا منشیات کیس میں گرفتار آریان خان کی حمایت میں سامنے  آگئے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شترو گھن سنہا نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کو آریان کے ذریعے شاہ رخ خان کو نشانہ بنانے کا موقع مل گیا ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اس معاملے میں آگے آنا نہیں چاہتا ، ہر ایک یہ سمجھتا ہے کہ یہ دوسرے کا مسئلہ ہے وہ ہی اس سے نمٹے ، اپنی جنگ خود لڑے ۔

شترو گھن سنہا کا مزیدکہنا تھا کہ فلم انڈسٹری خوف زدہ لوگوں کا گروپ ہے ، گودی میڈیا کی طرح یہ بھی گودی اداکار ہیں ۔

اداکار شتروگھن سنہا نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے آریان خان سے  کوئی ممنوعہ مواد اور منشیات برآمد نہیں کی ہے لیکن اگر انہیں کوئی منشیات مل بھی گئی ہے تو سزا زیادہ سے زیادہ ایک سال ہے لیکن اس معاملے میں ایسا ہوتا نظر نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مونمُن دھمیچا اور ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے نام  بھی ہیں لیکن کوئی بھی ان کے بارے میں بات نہیں کر رہا ہے سب شارخ خان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مار کر شاہ رخ کے بیٹے سمیت 8 افراد کو گرفتار کیا تھا۔

مزید خبریں :