14 اکتوبر ، 2021
پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کو طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث لاکھوں ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا۔
قومی ائیرلائن نے طیاروں سے پرندے ٹکرانے سے متعلق رپورٹ جاری کردی جو جنوری تا ستمبر 2021 تک کی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے قومی ائیرلائن کو لاکھوں ڈالرز نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب کہ لاہور ائیرپورٹ پر پرندے ٹکرانے کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9 ماہ میں طیاروں کے ساتھ پرندے ٹکرانے کے 60 واقعات رپورٹ ہوئے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر اس عرصے کے دوران پرندے ٹکرانے کے 21 واقعات رپورٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں 13، کراچی میں 8 اور ملتان میں ایک واقعہ رپورٹ ہوا جب کہ سکھر میں 4، کوئٹہ میں ایک، پشاور 6 اور گلگت میں 3 واقعات رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پرندے ٹکرانے سے پی آئی اے کے بوئنگ777، ائیر بس 320 اوراے ٹی آر طیارے متاثر ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے 2 واقعات سعودی عرب کے شہر ریاض جب کہ ایک واقعہ شارجہ میں پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق پرندے ٹکرانے کے باعث نہ صرف قومی ائیرلائن کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں بلکہ پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوتا ہے۔