14 اکتوبر ، 2021
منشیات کیس میں گرفتار بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے وکیل نے آریان کے چھاپے کے وقت کروز شپ پر موجودگی کے الزام کو جھوٹا قرار دے دیا۔
ممبئی کی سیشن کورٹ میں آریان کی ضمانت کی درخواست کی سماعت میں وکیل امیت دیسائی نے کہا کہ میرا مؤکل این سی بی کی جانب سے 2 اکتوبر کو مارے جانے والے چھاپے کے وقت کروز شپ پر نہیں تھا، یہ الزام سراسر جھوٹا ہے۔
امیت دیسائی نے کہا کہ آریان کو کروز پر جانے سے قبل ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، آریان اپنے دوست ارباز مرچنٹ کے ہمراہ جب داخلی دروازے پر پہنچا تو اس وقت این سی بی پہلے سے وہاں موجود تھی، انہیں آریان کے پاس سے کچھ بھی برآمد نہیں ہوا۔
آریان خان کے وکیل نے مزید کہا کہ میرے مؤکل کے خلاف وہاں ہونے اور منشیات کے استعمال کا مقدمہ ہے لیکن اس کے پاس رقم موجود نہیں تھی، منشیات برآمد ہونے والوں سے بھی آریان کا کوئی تعلق ثابت نہیں ہوا۔
امیت دیسائی کا کہنا تھا این سی بی ڈرگز ڈیلرز کو پکڑنے کیلئے بہت اچھے اقدام کررہی ہے لیکن یہ انتہائی غیراخلاقی ہے کہ بے قصور افراد کو جیل میں رکھا جائے۔
این سی بی نے گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں آریان کی ضمانت کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے اس کا تعلق انٹرنیشنل گروہ سے جوڑا تھا جس پر امیت دیسائی نے کہا تھا کہ یہ چھوٹے بچے ہیں، ضمانت کیلئے مزید تاخیر نہ کی جائے۔
آریان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان بچوں کے معاملے کو مزید بدتر نہ بنایا جائے، یہ بہت تکلیف اٹھا چکے، انہوں نے اس معاملے میں سبق سیکھ لیا ہے۔