پاکستان
Time 16 اکتوبر ، 2021

’جمہوری رویہ اپناتے تو ہم ساتھ کھڑے ہوتے، عمران نے اسٹینڈ آئین پر مزید وار کیلئے لیا‘

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تحت جلسوں کی نئی سیریز آج سے شروع ہوگئی ہے۔

 پہلا پڑاؤ فیصل آباد کے  دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں پڑا جہاں آج پی ڈی ایم کا جلسہ منعقد کیاگیا۔

جلسے سے مریم نواز نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ جب ظلم ہو رہا تھا تو نوازشریف نے کہا کہ میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں، جب کوئی اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑے تو تمام طاقت اور ایک پیج کے باوجود تاریخی ذلت اور رسوائی مقدر بنتی ہے، آج نوازشریف کے مخالفین کو اللہ نے عبرت کا نشان بنایا۔

’آج چینی 120 روپے کلو سے بھی بڑھ گئی تو بتاؤ چور کون ہے؟‘

مریم نواز نے کہا کہ جس نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا اس کو اللہ نے سرخرو کردیا، عمران خان کہتے تھے جب آٹا منہگا ہوجائے تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے، کہتے تھے کہ جب پیٹرول اور بجلی کی قیمت بڑھے تو سمجھ لو وزیراعظم چور ہے، آج چینی 120 روپے کلو سے بھی بڑھ گئی تو بتاؤ چور کون ہے؟

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں چینی 50 روپے کلو تھی، 3 سال بعد 120 روپے کو عبور کرگئی، آج 24 سے 27 روپے تک بجلی فی یونٹ ہے، چور کون ہے؟ نواز شریف کے دور میں پیٹرول 70 اور آج 138 روپے ہے تو چور کون ہے؟

عمران خان نے صرف ایک وعدہ پورا کیا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا، ’پوری قوم رلا دیا‘

مریم نے کہا کہ جب ڈیزل اور پیٹرول منہگا ہوتا ہے تو دنیا کی ہر چیز منہگی ہوتی ہے، عمران خان نے صرف ایک وعدہ پورا کیا، عمران خان نے کہا تھا کہ میں ان کو رلاؤں گا، پوری قوم رلا دیا۔

مرکزی نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ عوام پر جب تکلیف آتی ہے تو نوازشریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے، یہ اتنے بے حس ہیں ان کے وزراء عوام کے نوالے گنتے ہیں، عمران خان کے ساڑھے 3 سال کی کارکردگی کی داستان سن لو، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کس نے کیا تھا؟ اوپر سے بھاشن دیتا ہے سکون قبر میں ہے، عمران خان تم نے عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی ہے۔

’گرمی آتی ہے تو بجلی غائب، سردی آتی ہے تو گیس غائب‘

مریم نواز نے کہا کہ آج یہ حال ہے کہ گرمی آتی ہے تو بجلی غائب، سردی آتی ہے تو گیس غائب، وقت نے ثابت کیا کہ نواز، شہباز سے زیادہ دیانت دار نہیں آیا،برطانیہ کی عدالت نے کہہ دیا کہ شہباز شریف پر منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت کا سب سے بڑا ڈاکا  122 ارب ایل این جی کا ڈاکا ہے، کبھی سنا ہے کہ جو چوروں کا سردار ہے وہ ایماندار ہے، تم اپنے آپ کو احتساب سے نہیں بچاسکتے، مسلم لیگ کی تین نسلوں نے حساب دیا ہے، کہتے ہیں تحفوں کی تفصیل نہیں بتاسکتا، غیرملکی سربراہان ناراض ہوجائیں گے، پنڈورا پیپرز میں عمران خان کی جماعت اول نمبر پر آئی ہے، قوم کو کیا سننے کو ملا، پنڈورا میں عمران خان کا نام نہیں،کبھی سنا ہے کو چوروں کا سردار ہے وہ ایماندار ہے۔

نواز شریف نے کہا میری طرف سے بھی قوم سے ہمدردی کا اظہار کرنا، مریم

مریم نواز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نواز شریف نے فون کرکےکہاکہ میری طرف سے بھی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرنا، نوازشریف نےکہا عوام سے کہنا کہ جب تم پر تکلیف آتی ہے تو نواز شریف کا دل خون کے آنسو روتا ہے۔

مریم نے کہا کہ یہ تو اتنے بے حس ہیں ان کے وزرا عوام کے نوالے گنتے ہیں، کہتے ہیں دو کے بجائے ایک روٹی کھا لو، صبر کرو، ملک پہلےکورونا کی لپیٹ میں تھا اور ہے، اب ان کی نااہلی کی وجہ سے لوگ ڈینگی کا شکار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’نواز شریف آپ کے بغیر لوگ رل گئے ہیں، شہبازشریف لوگ آپ کو آوازیں دے رہےہیں، فیصل آباد والو ! جب اپنے گھر کا دروازہ کھولتے ہو تو سر پر نوکریاں گرتی ہیں یا نہیں؟ عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی۔

’اپنے حساب کی باری آئی تو نیب کا قانون ہی بدل دیا‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ اس لیے ہو رہی ہے کہ عمران خان کی حکومت نے دیر سے اور مہنگے داموں میں ایل این جی منگوائی، تاریخ کا سب سےبڑا آٹا، چینی ، پشاور بی آر ٹی اسکینڈل سامنے آیا، نیب کے ذریعے انتقام لیاگیا، اپنے حساب کی باری آئی تو نیب کا قانون ہی بدل دیا۔

مریم نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اقوام متحدہ اس لیے نہیں گئے کہ کوئی سربراہ ان سے ہاتھ ملانے کو تیارنہیں، کہتے تھے نواز شریف وزیراعظم تھا تو غیرملکیوں کے سامنے چِٹ پڑھتا تھا، یہ دیکھیں یہ چِٹ بھی غلط پڑھتا ہے،نواز شریف کے دور میں سرمایہ کاری آرہی تھی، سی پیک بن رہا تھا۔

‘ان کی خارجہ پالیسی یہ ہے کہ مودی فون نہیں اٹھاتا، جوبائیڈن فون نہیں کرتا‘

مریم نے کہا کہ ان کی خارجہ پالیسی یہ ہے کہ مودی فون نہیں اٹھاتا، جوبائیڈن فون نہیں کرتا، امریکی ٹی وی پر بیٹھ کر لوگ کہتے ہیں عمران خان کا اختیار اسلام آباد کے میئر سے زیادہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جب بھی اسٹینڈ لیا پاکستان کے عوام کی خاطر لیا، حکومت منہ کے بل زمین پر گرے گی اور گرتی ہوئی نظر آرہی ہے ، عمران خان سیاسی شہید بننے کی کوشش نہ کریں، نواز شریف کی بصیرت کو سلام ہے، نوازشریف نے 4 سال قبل کہا تھا عمران خان جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے۔

مریم نے کہا کہ آج تھالی میں کھلانے والوں کو ایسا سبق ملا ہے میں بتا نہیں سکتی، یہ تقرری وزیراعظم کا استحقاق ہے لیکن وزیراعظم کو چننا عوام کا استحقاق ہے، عوام پہلے مرضی سے وزیراعظم چنے، پھر وزیراعظم فیصلہ کرے کیا کرنا ہے، عمران خان منتخب وزیراعظم نہیں، سلیکٹڈ ہے، ہم ساتھ کھڑے ہوجاتے اگر عمران خان نے جمہوری رویہ اپنایا ہوتا،یہ اسٹینڈ اصول پر نہیں آئین پر مزید وار کرنےکیلئےلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کیوں عمران خان کا ساتھ دیں، قوم جانتی ہے عمران خان نے ووٹ کی عزت کو جوتے کے نیچے روندا ہے، کیوں قوم تمہارا ساتھ دےتم نے جمہوریت کو آمریت کا لبادہ پہنایا،ہم تمہارے ساتھ کھڑے ہوجاتے اگر تم نے پارلیمنٹ کو بے توقیر نہ کیا ہوتا، عوام آپ کی حکومت کا تیا پانچا کرنے کو تیار بیٹھے ہیں ، کس منہ سے عوام کے پاس جاؤ گے؟

جلسے سے پی ڈی ایم رہنما مولانا فضل الرحمان اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ اپوزيشن لیڈر شہباز شریف جلسے میں شریک نہیں ہوئے۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز قافلے کے ساتھ فیصل آباد پہنچیں، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر, پرویز رشید اور مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ساتھ جلسہ گاہ پہنچیں۔

مزید خبریں :